لاہور قلندرز کی پی ایس ایل فائیو میں شاندار واپسی ، زلمی کو 5 وکٹ سے ہرادیا

0

لاہور قلندرز کی ایونٹ میں شاندار واپسی

• پشاور زلمی کو5وکٹوں سے شکست دے دی
• مسلسل تین میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی سے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

لاہور، 10 مارچ2020ء:

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے ابتدائی تین میچز میں شکست سے ایونٹ کے سفر کا آغاز کرنے والی لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں شاندارواپسی کی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 188 رنز کا ہدف ایک گیند قبل5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

مسلسل تین میچوں میں بالترتیب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کو شکست دینے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کے ابتدائی تین کھلاڑی محض 24 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کامران اکمل 12، ٹام بنٹن صفر اور لیام لیونگ اسٹون 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد تجربہ کار شعیب ملک نے نوجوان کرکٹر حیدرعلی کے ہمراہ ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ چوتھی وکٹ کی شراکت میں نوجوان بلے باز حیدر علی اور شعیب ملک نے 72گیندوں پر 116 رنز جوڑ کر ٹیم کو اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں مدد دی۔

حیدر علی نے 43 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 69 جبکہ شعیب ملک نے 43 گیندوں پر 7چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلیں۔ دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی۔ لوئس گریگری 8 اور وہاب ریاض 1 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکاربنے۔

کارلوس بریتھ ویٹ 16 اور حسن علی 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 3، سمت پٹیل 2جبکہ ڈیوڈ ویزے اور دلبر حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

188 رنزکے تعاقب میں لاہور قلندرزکے اوپنرفخر زمان نے کپتان سہیل اختر کے ہمراہ میدان کا رخ کیا تو دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ 38 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد سہیل اختر 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر فخر زمان کا ساتھ نبھانے کے لیے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے جارحانہ مزاج بلے باز کرس لیِن نے کریز سنبھال لی۔

جارحانہ مزاج بلے باز کی کریز پر انٹری سے فخر زمان کو مزید تقویت ملی۔ انہوں نے 34 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت اپنی نصف سنچری مکمل کی تودوسری طرف کرس لیِن نے بھی گراؤنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شاٹس کھیلے۔انہوں نےاپنی نصف سنچری27 گیندوں پر مکمل کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 57 گیندوں پر 96 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر زمان 63 اور کرس لیِن 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔مسلسل 2 اوورز میں سیٹ بیٹسمین کھونے کے بعدنئے آنے والے بلے باز تجربہ کار محمد حفیظ اور بین ڈنک دباؤ کا شکار نظر آئے۔دونوں کھلاڑی بالترتیب 4اور 7رنزبناکر آؤٹ ہوگئے۔

سنسنی سے بھرپور میچ میں لاہور قلندرز کو آخری 2 اوورز میں 24 رنز درکار تھے۔ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل نے اننگز کے 19ویں اور میں راحت علی کو 16 رنز جڑ کر میچ میں گرفت مضبوط کرلی۔ ڈیوڈ ویزے نے میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر شاندار چھکا لگا کر میزبان ٹیم کو فتح د لادی۔

ڈیوڈ ویزے 6 گیندوں پر 17 اور سمت پٹیل 7 گیندوں پر 11رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کے کارلوس بریتھ ویٹ نے 3 جبکہ وہاب ریاض نے 1وکٹ حاصل کی۔

لاہورقلندرز کے فخرزمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

11 مارچ بروز بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور ملتان سلطانز کی ٹیمیں شام 7 بجےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.