باجوڑایجنسی میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کا دن منایاگیا

0

باجوڑایجنسی میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کا دن منایاگیا ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب انجمن ہلال احمرباجوڑکے دفترمیں منعقد ہوئی ۔ اس دن کے منانے کا مقصد جنگ ، بھوک ، مہلک بیماریوں یا قدرتی آفات کیوجہ سے مصیبت میں گرے انسانوں کی مددکرنا ہے ۔ 2018 ؁ء میں اس دن کو منانے کیلئے (سب کیلئے ہر جگہ ) کاعنوان رکھاگیاہے تاکہ نہ صرف اس دن کے منانے کا مقصد پورا کیاجاسکے بلکہ لوگوں کو اس کی اہمیت سے بھی آگاہ کیاجاسکے۔ اس کے علاوہ اس دن کے منانے کا مقصدمزید سرکاری وغیر سرکاری اداروں کو فعال بناناہے تاکہ وہ آفات کیوجہ سے متاثرہ ضرورت مندلوگوں کی مدد کریں۔ تقریب میں پولیٹیکل تحصیلدار واڑہ ماموند غنی رحمن، رضاکاروں ، کمیونٹی کے مشران ، ہلال احمر ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران ، علمائے کرام ، بم ڈسپوزل سکواڈ کے انچارج سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ تحصیلدار واڑہ ماموند غنی رحمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پر ایجنسی پروگرام آفیسر جاوید اقبال نے شرکاء کو ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے اغراض ومقاصد بیان کئے ۔ انہوں نے آر سی آر سی تحریک کے قانونی حیثیت ، مشن ،تنظیمی ڈھانچے کے اجزاء بیان کئے ۔جاوید اقبال نے تحریک کے سات بنیادی اصولوں سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ رضا کار ہلال احمر کے ریڑھ کے ہڈی ہیں اور ہمیں ایسے رضا کار چائیے جوکہ فعال بھی ہو اور اس مقصد کیلئے خود کو وقف کریں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے صورت میں اچھا رسپانس دے سکے ۔ تقریب کے آخر میں شرکاء میں فرسٹ ایڈ کا سامان اور چتھریاں تقسیم کی گئی ۔ اس کے علاوہ انجمن ہلال احمر نے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال خار میں تھیلی سیمیا کے مریضوں کیلئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد بھی کیاتھا جس میں تین تھیلے خون اکھٹاکیاگیا۔ہلال احمر کے رضاکاروں ذاکر اللہ ، مظفر شاہ اور ضیاء الاسلام نے خون کے عطیات دئیے ۔ اس موقع پر ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال خار کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے رضاکاروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ہلال احمر آئندہ بھی اس طرح مدد کریگا

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.