خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ضلع باجوڑ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال خار کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پرکمانڈر سیکٹر نارتھ بریگیڈیئر نعیم اکبر راجہ ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود ، کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس کرنل رحمان قادر ، اسسٹنٹ کمشنر خار جان محمد ، اسسٹنٹ کمشنر نواگئی انوارالحق ، ایجنسی سرجن ڈاکٹر وزیر خان صافی ، ایم ایس ڈی ایچ کیو خار ڈاکٹر محمد نور ، ڈاکٹر حمیدالرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے، وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو ہیڈکواٹر خار میں ڈپٹی کمشنر عثمان محسود ، سرجن ڈاکٹر وزیر خان صافی اور ایم ایس ڈاکٹر محمد نور نے محکمہ صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے ضلعی ہیڈکواٹر ہسپتال خار کا دورہ کیا ، اس موقع پر ایم ایس خار ہسپتال ڈاکٹر محمد نور نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہسپتال بھرتیوں میں کسی قسم کی سفارش نہیں بھرتی جائے گی، ڈاکٹر محمد نور نے کہا کہ ضلع باجوڑ کے ہیڈکواٹر ہسپتال خار کا سالانہ بجٹ ایک کروڑ نو لاکھ روپے ہے جو کہ آبادی کے تناسب نہایت کم ہے لہذا س میں ترجیحی بنیادوں پر اضافہ کیا جائے ۔ بعدازاں جرگہ ہال سول کالونی خار میں مقامی عمائدین اور دیگر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرصحت کا کہنا تھا کہ ضلع باجوڑ کے ہسپتالوں میں آج کے بعد کوئی ڈاکٹراور دیگر عملہ غیر حاضر نہیں ہوگا،محکمہ کی جانب سے ان پر سخت چیک اینڈ بیلنس رکھی جائے گی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع باجوڑ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کمی کو پورا کیاجائے گا، محکمہ صحت میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جائیگی اور کسی سے نا انصافی نہیں ہونے دیں گے کیونکہ عوام نے ہمیں ووٹ دیاہے تاکہ ہم نظام کوبدل سکیں اورلوگوں کو ان کا حق دیں۔انہوں نے بتایا کہ قبائلی عوام محب وطن ہیں اوران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،انہوں نے قیام امن میں پاک فوج اور مقامی لوگوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں کے لوگوں کے احساسات اور جذبات کا پوری طرح ادراک ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پرترقی دی جائے اور اس حوالے سے وسائل کوبروئے کار لایاجائے تاکہ عوامی تکالیف کا ازالہ ہوسکے اور قبائلی عوام کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر لیجایاجاسکے۔خار ہسپتال دورے کے موقع پر سیکرٹری صحت صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ کو انہیں ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ ان کے دفتربھیجنے کی بھی ہدایت کی تاکہ علاقے میں صحت کے مسائل سے متعلقہ وزیرصحت کو بروقت آگاہ رکھا جاسکے۔ وزیرصحت نے مقامی لوگوں اورڈاکٹروں کے مسائل بھی سنیں جبکہ مقامی لوگوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔