تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی باجوڑ کا پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے گرفتاری کے خلاف باجوڑ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی باجوڑ کے سنیئر قائدین سمیت درجنوں کے تعداد میں کارکنان نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی باجوڑ کے صدر اورنگزیب انقلابی ،حلقہ پی کے 100 سے انجنیئر حضور ،حلقہ پی کے 102سے نامزد امیدوار ملک سعید الرحمان ، سنیئر رہنما حاجی سید رحیم ، پارٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی خان بہادر خان اور دیگر نے کہا کہ آصف علی زرداری قیدوبند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں ، اگر چیئرمین بلاول بھٹو حکم دیں تو ہم پی ٹی آئی حکومت کا دھڑن تختہ کردیں گے ۔ انہوں نے کہا عمران خان نیازی کی حکومت انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے ۔ لیکن اس سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔ مقررین نے کہا کہ نیب موجودہ حکومت کی طرف دار اور ان کے گھر کی لونڈی بن چکی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرے کے دوران ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے حق میں مختلف نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے باجوڑ پریس کلب تا خار چوک احتجاجی واک بھی کیا اور آصف علی زرداری کے حق میں نعرہ بازی کی ۔