ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ انفارمیشن خیبر پختونخواہ غلام حسین غازی نے کہا ہے کہ ضم شدہ ضلع باجوڑ میں بہت جلد سرکاری ریڈیو اسٹیشن کی نشریات شروع کی جائیگی اور ضلع باجوڑ سمیت تمام قبائلی اضلاع کے صحافیوںکو وہ تمام مراعات دی جائیگی جو صوبہ خیبر پختونخواہ کے دوسرے اضلاع کے صحافیوں کو حاصل ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ باجوڑ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ انفارمیشن خیبر پختونخواہ غلام حسین غازی نے دیگر سٹاف کے ہمراہ باجوڑ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے باجوڑ پریس کلب کے بلڈنگ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پریس کلب کیلئے نئے بلڈنگ تعمیر کرنے ، سرکاری ریڈیو اسٹیشن اور محکمہ اطلاعات کے دفتر کے قیام کیلئے مختلف جگہوں کا سروے کیا۔ اس موقع پر باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ ، جنرل سیکرٹری مسعود خان اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر غلام حسین غازی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد یہاں کے پریس کلبز کو مستقل گرانٹس اور دیگر مراعات دینے کیلئے تمام قبائلی اضلاع میں پریس کلبوں کے سروے کا عمل شروع کیاگیاہے اور قبائلی اضلاع کے صحافیوں کو وہ تمام مراعات دی جائیگی جو خیبر پختونخواہ کے دوسرے اضلاع اور پشاور کے صحافیوں کو حاصل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بہت جلدسرکاری ریڈیواسٹیشن باجوڑ میں کام شروع کریگا اور جیسی ہی بلڈنگ کا انتخاب کیا جائیگا تو نشریات شروع کردی جائیگی۔