باجوڑ میں نیشنل ووٹر ز ڈے بھر پورانداز میں منایا گیا۔جرگہ ہال سول کالونی خار میں نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے آگاہی سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود تھے۔ اپنے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود نے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اپنے 18سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے قومی شناختی کارڈ بنواکر ان کے ووٹو ں کا فوری اندراج کروائیں اورایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مستقبل کا انحصار آپ کے ووٹ پر ہے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر باجوڑ پرویز اقبال نے اس موقع پر سمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ووٹ کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سمینار میں ڈپٹی کمشنر عثمان محسود، اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی حبیب اللہ وزیر، ضلعی الیکشن کمشنر پرویز اقبال ،قبائلی مشران اورسول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے واک کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ووٹ کاغذ کا ایک سادہ ٹکڑا نہیں بلکہ قوم کی مقدس امانت ہے اور اس سے ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے بہتراور روشن مستقبل اور جمہوری عمل کی بقاء کے لئے ووٹ کی اہمیت مسلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا صرف خانہ پوری نہیں بلکہ ایک قومی کا ز ہے اور ہر محب وطن شہری کا فرض اولین ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنے قیمتی ووٹ کا اندراج کرکے اس کا صحیح استعمال کریں اور قوم کی تقدیر بدلنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھاکہ جب تک ووٹ کا صحیح استعمال نہیں ہو گا ملک کو مشکلات کی دلدل سے نہیں نکالا جا سکتا۔