باجوڑنیوز (26فروری) قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد پہلی بار عدالت کا قتل کے مقدمہ میں ملزم کو دو بار سزائے موت کا حکم۔ ایڈیشنل سیشن جج اول ضلعی عدالت باجوڑ میاں زاہد اللہ جان نے بدھ کے دن قتل کے مقدمہ میں ملزم فرنٹیئر کور کے سابق اہلکار محمد شفیق ولد محمد صدیق سکنہ ہریپور کو قتل کا الزام ثابت ہونے پر دو بار سزائے موت کی سزا سنادی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ملزم کو دو بہنوں مسماۃ شازیہ بیگم اور مسماۃ شاہدہ پروین کو قتل کرنے پر دو بار سزائے موت کی سزا سنادی اور ساتھ ہی 10لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا جو مجرم محمد شفیق مقتولین کے ورثاء کو ادا کریگا۔ یادرہے کہ 29اگست2018کو ضلع باجوڑ کے تحصیل ماموند علاقہ عمرے میں واقع گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں سابق ایف سی اہلکار محمد شفیق ولد محمد صدیق سکنہ ہری پور نے گھریلوں ناچاقی پر فائرنگ کرکے سکول ٹیچر شازیہ بیگم اورشاہدہ پروین کو قتل کیا تھا۔ملزم کو موقع واردات پر مقامی لوگوں نے گرفتار کرکے حکومت کے حوالہ کیا تھا۔ باجوڑ کے لوگوں نے مقامی عدالت کے اس فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے انصاف کے تقاضے پورے ہوگئے۔