باجوڑ میں ٹائیگر فورس کے ذریعے تیار کی جانے والے لسٹیں منسوخ کی جائیں، باجوڑ سیاسی اتحاد
غیرسیاسی ، سرکاری اہلکاروں کی کمیٹیاں بنائی جائیں بصورت دیگر احتجاج کریں گے ۔ ایم پی اے سراج الدین خان
باجوڑ سیاسی اتحاد کے ممبران اور باجوڑ سے جماعت اسلامی کے اکلوتے رکن صوبائی اسمبلی سراج الدین خان نے ریلیف پیکیج کیلئے جاری سروے کو مسترد کرتے ہوئے غیرسیاسی اور سرکاری اہلکاروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا ،کمیٹیوں میں علماء ، اساتذہ اور ویلج کونسل سیکرٹریز کے ارکان کو شامل کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر فوری طور پر پی ٹی آئی ٹائیگر کے ذریعے تیار کیے جانے والے لسٹوں کے تیاری کا عمل منسوخ کرکے از سرنو سروے کمیٹیاں تشکیل دیں۔ بصورت دیگر ہم بذات خود اس کے روک تھام اور شفافیت کیلئے قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار باجوڑ سیاسی اتحاد اور باجوڑ سے جماعت اسلامی کے اکلوتے رکن صوبائی اسمبلی سراج الدین خان نے ریلیف پیکیج کیلئے جاری سروے کمیٹیوں کے خلاف باجوڑ پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر باجوڑ سیاسی اتحاد کے صدر اورنگزیب انقلابی اورنگزیب انقلابی ، مولانا وحیدگل ، نثار باز، حاجی سید بادشاہ ، انورالحق ، منان حاجی ، حاجی خان بہادر ، شاہ نصیر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی سراج الدین خان نے کہا کہ یہ کرپشن کی ایک بدترین صورت ہے ۔ اس موقع پر خدا سے خوف کی ضرورت ہے یہ سیاست کا وقت نہیں بلکہ صدق دل اور بلا تفریق قوم کی خدمت کی ضرورت ہے ۔