باجوڑنیوز(29مئی) ملک بھر کی طرح ضلع باجوڑ میں بھی پرائیویٹ سکولز کے اساتذہ سراپا احتجاج۔ حکومت سرکاری فنڈز سے پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہیں ادا کریں یا فوری طورپر سکول کھول دیں۔15جولائی تک سکولز بند رکھنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار ہب آف پرائیویٹ ایجوکیشن باجوڑ کے صدر حاجی بہادر سید، جنرل سیکرٹری شاہد لطیف، ڈپٹی سیکرٹری شوکت حسین، سینئر نائب صدر سید گل اور دیگر نے باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے پلے کارڈ اُٹھارکھے تھے جس پر پرائیویٹ سکولوں کی بندش نامنظور، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بچاؤ وغیرہ کے نعرے درج تھے۔ انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں، اساتذہ اور بچوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس کیوجہ سے نہ صرف پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ متاثر ہ ہورہے ہیں بلکہ طلبہ کا قیمتی وقت بھی ضائع ہورہاہے۔ ہم ایس او پیز کے تحت سکول کھولنا چاہتے ہیں اگر حکومت ہمیں ایس اوپیز بتادیں تو ہم اُس پر عمل کرکے سکول کھول دینگے یا ہم اپنے او ایس پیز بھی نافذ العمل کرسکتے ہیں۔ لیکن حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے تعلیمی شعبے کو تباہی سے بچانے کیلئے اقدامات کریں۔ اگر حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو معاوضہ نہیں دے سکتے تو کم از کم بلاسود قرضے دیں۔ مقررین نے وزیر اعظم عمران خان پرکھڑی تنقید کی اور کہا کہ عمران خان ہر مسئلے کیلئے ہنگامی اجلاس بلاتے ہیں لیکن آج تک تعلیم کے مسئلے پر کوئی اجلاس نہیں بلایاگیا۔انہوں نے کہا کہ ہم 15جولائی تک سکولز بند رکھنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ تنخواہیں نہ ملنے کیوجہ سے فاقوں پر مجبور ہیں۔ آئندہ کے لائحہ عمل اختیار کرنے کے حوالہ سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے حاجی بہادر سید نے کہا کہ ہم اپنے مرکزی قائدین کے فیصلے کے منتظر ہیں اور وہ جو قدم اُٹھائیں گے ہم اُس پر عمل پیراہونگے۔
باجوڑ میں پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کا احتجاجی مظاہرہ
You might also like