سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے ملک میں احتساب کے نظام کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم اس ملک کو مزید تماشہ نہیں بننے دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی، جج ارشد ملک، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر عبدالغفور حیدری اور وفاقی وزیر داکلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کی ویڈیو کلپس شامل تھیں۔ویڈیو میں سابق جج شوکت عزیز صدیقی کو اسٹیبلشمنٹ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔نواز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘یہ ہے حقیقت اس احتساب کی جس کے ذریعے آپ کے تین بار منتخب وزیر اعظم کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سزائیں دلوائی گئیں اور اشتہاری قرار دیا گیا۔’ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا لیکن اب ہم اس ملک کو مزید تماشہ نہیں بننے دیں گے۔یاد رہے کہ 21 جولائی 2018 کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کی مرکزی خفیہ ایجنسی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) عدالتی امور میں مداخلت کر رہی ہے۔