باجوڑ(نمائندہ خصوصی) باجوڑ، وزیرستان سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نصیر اللہ وزیر کے سربراہی میں قبائل اصلاحی تحریک کے نام سے فاٹا ریفامز پر عملدرآمد اور قبائلی اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تحریک کا آغاز۔ اس سلسلے میں ایم پی اے نصیر اللہ وزیر نے باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نصیر اللہ وزیر، معبر خان، انجنیئر خائستہ محمد، ملک شہاب الدین، فقیر گل اور دیگر نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں انضمام کے بعد جو بڑے مسائل پیدا ہوگئے ہیں جن میں اراضی، معدنیات، علاقائی دشمنیوں اور دیگر مسائل ہیں ان کے حل کیلئے ہم آج سے قبائل اصلاح تحریک کے نام سے جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے اور ان کے پرامن حل کیلئے کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ اور حکومت کو باور کرائیں اور ان سے اس بات پر عملدرآمد کروائیں کہ فاٹا اصلاحات پر جلد سے جلد عملدرآمد کروائیں تاکہ قبائلی علاقوں کے عوام فاٹا انضمام سے مستفید ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر فاٹا ریفامز پر عملدرآمد میں سستی اور اسی طرح غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا تو قبائلی عوام فاٹا ریفامرز سے بد ظن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ تمام قبائلی اضلاع کے دورے کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کریں گے اور ہر قبائلی ضلع کے ساتھ پر اس کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دیں گے، جو علاقائی مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ کردار ادا کریں۔