تفصیلات کے مطابق جرگہ ممبران نے صاحبزادہ بہاؤالدین، محمد اقبال، عبدالقیوم جان اور حولدار محمد نذیر جان پسران محمد حسین جان(مرحوم) ساکنان بھائی چینہ کے درمیان پیدا شدہ برادرانہ اختلافات کو صلح میں بدل دیا۔جرگہ ممبران نے فریقین کو بغلگیر کرکے ان کے درمیان تمام متنازعہ اشیاء پر آئندہ کے لئے مصالحتی فیصلہ کردیا۔ مصالحتی جرگہ ممبران میں جماعت اسلامی باجوڑ کے جنرل سیکرٹری محمد حمید صوفی، ملک شہاب الدین خان، ملک خانوادہ، حاجی نظام الدین خان، شہاب الدین، تاجر برادری عنایت کلے کے سابقہ صدر حاجی شاہ محمد، سنیئر صحافی نور محمد بنوری اور محمد حیات جان شامل تھے۔ فریقین کے درمیان کامیاب بات چیت اورمصالحتی فیصلہ کے بعد آل تاجر برادری باجوڑ کے صدر اور جماعت اسلامی باجوڑ کے جنرل سیکرٹری محمد حمید صوفی،حاجی نظام الدین اور ملک شہاب الدین نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ مقررین نے جرگہ میں شامل ممبران کے مصالحانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اورمتنازعہ فریقین کے جانب سے جرگہ ممبران کے ساتھ بھر تعاون پر ان کابھی شکریہ ادا کیا۔