خرکنو کے عوام کا زرعی زمینوں پر تعمیرات کے خلاف مظاہرہ

0

باجوڑ، خرکنو کے عوام کا خرکنو میں جوڈیشل کمپلیکس اور پولیس لائنز کی تعمیر کے لیے زمین دینے سے انکار۔ انتظامیہ کے سیکشن فورکے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین نے اس موقع پر پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور مذکورہ فیصلہ لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ہم اپنے آبائی زمین کسی صورت فروخت نہیں کرسکتے۔ یہ ہمارے بچوں کے مکانات اور گھروں کی زمین ہے اگر حکومت نے زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کی تو ہم اپنے بچوں اور خواتین سمیت آخری حد تک احتجاج اور مزاحمت کرینگے۔ ہم خودکشی کیلئے تیار ہیں مگر اپنی زمین دینے کیلئے تیار نہیں۔ عوامی نمائندوں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو الیکشن سے ہمارا بائیکاٹ رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل سلارزئی علاقہ خرکنو کے لوگوں نے گاوں خرکنو کے زرعی اراضی پر حکومت کے جانب سے سیکشن فور لگاکر اس پر جوڈیشل کمپلیکس اور پولیس لائن تعمیر کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ملکزادہ ، ملک یوسف زادہ ، ملک راحب زادہ ، ملک شاہد زادہ و جملہ ملکانان فرزندان مرحوم امیر ملک ، ملک قاسم خان بہادر سید میاں، سراج میاں، سلمان، محمد زمان، بخت سردار، شیراز، گل زمان و جملہ ملکانان و مشران نے خرکنو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی زمینوں کو فروخت کرنے کے لیے کسی صورت تیار نہیں کیونکہ یہاں ہم تھوڑا بہت فصل کاشت کرتے ہیں اور ساتھ مال مویشی پالنے اور چراگاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور اور ہمارے گھر چھوٹے پڑ گئے ہیں۔ ہمارے جوانوں اور بچوں کی مکانات کے لئے یہی زمین واحد امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہم پر زبردستی نہ کرے اور کسی دوسری جگہ جاکر جوڈیشل کمپلیکس اور پولیس لائن تعمیر کریں۔ احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ہمارے پارلیمانی نمائندگان ایم این اے، ایم پی ایز اور سینٹر اس سلسلے میں کردار ادا کریں اور ہم کو حکومتی جبر اور ظلم سے بچائیں۔ کیونکہ ہم اپنی زمین کی خاطر اپنے بال بچوں اور خواتین سمیت احتجاج کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔اور اگر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش ہوا تو ضلعی انتظامیہ اور پختونخوا حکومت ذمہ دار ہوگی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.