باجوڑ، جمعیت علمائے اسلام کا مہنگائی کے خلاف باجوڑ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، مظاہرین نے صوبائی حکومت کو خود ساختہ مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا۔امیر جمعیت علمائے اسلام باجوڑ کے امیر مولانا عبدالرشید، مولانا شمس الزمان، قاری خیراللہ، مفتی محسن، حاجی نعیم اللہ اور دیگر نے نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پی ڈی ایم کا حصہ ہے مگر عوام مخالف پالیسیوں میں سب سے پہلے حکومت کے خلاف آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خود ساختہ مہنگائی صوبائی حکومت کی کارستانی ہے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غربیوں پر زندگی تنگ کر رہی ہے۔ گندم، آٹے، گھی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شرکاء نے باجوڑ پریس کلب سے خار چوک تک ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان بحرانی کیفیت سے دوچار ہے، معاشی سقوط ہوا کھڑا ہے۔ حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ آئیے حالات کی تبدیلی کیلیے آواز بلند کیجیے، باہر نکلیے، ہمارا ساتھ دیجیے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔