باجوڑ ۔ نومنتخب صدر امیر اتمانی نے نئے کابینہ ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں پارٹی کو فرد واحد نے بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔کیونکہ اس نے پارٹی کا ضلعی صدر ایک کلاس فور سرکاری ملازم کو بنایا جو کہ پارٹی آئین کے سراسر خلاف ورزی ہے ۔ پارٹی کا جنرل سیکرٹری ایسے شخص کو بنایا جس نے تین بار بہت کم عرصے میں اپنا استعفی دیا۔ ان حالات سے مجبور ہوکر پی پی پی کے سنیئر لیڈر شپ نے نیا کابینہ منتخب کیا جو ضلع کے سطح پر پارٹی امور کو چلانے اور پارٹی کو از سرنو منظم کرنے کا کام کرے گی۔ اس موقع پر پی پی پی باجوڑ کے نئے صدر امیر اتمانی ، جنرل سیکرٹری ملک سعید الرحمان ، انجنیئر حضور خان ، اورنگزیب انقلابی ، حاجی خان بہادر ، ملک شیر بہادر سمیت درجنوں کارکنان موجود تھے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی پی کے ضلعی قائدین نے کہا کہ 2019 میں قبائلی اضلاع کی کابینہ تحلیل کردی گئی تمام اضلاع میں افہام و تفہیم کے ساتھ کابینے تشکیل دیئے گئے لیکن باجوڑ میں فرد واحد کے ضد و عناد اور ہٹ دھرمی کے باعث کابینہ کا انتخاب نہ ہوسکا اور پھر اسی فرد واحد نے پارٹی کے مرکزی قیادت کو غلط معلومات دیکر ضلع باجوڑ میں پارٹی صدر محکمہ تعلیم کے ایک کلاس فور سرکاری ملازم کو بنایا جو کہ پارٹی آئین کے سراسر خلاف ورزی ہے ۔ جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ایسے شخص کو بٹھایا جو کہ چند سال قبل مسلم لیگ ن چھوڑ کر آیا تھا۔ اور پارٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد ایک سال کے دوران تین بار استعفی دے چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو تباہ کرنے میں انہوں نے کوئی قصر نہیں چھوڑا ۔ پارٹی کے سنیئر رہنماؤں نے مصالحتی جرگے کیے مگر فرد واحد اپنی انا پر قائم رہا جس کے وجہ سے پارٹی کو شدید نقصان پہنچا ۔ جرگے ناکام ہونے کے بعد پارٹی کے سنیئر قیادت نے 10 اگست کو ضلع باجوڑ کے سطح پر اپنی کابینہ تشکیل دے دی یہ کابینہ بہت جلد مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات کرے گی اور انہی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی قائدین اور صوبائی کونسل کے ممبران پارٹی کے برائے نام صدر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہیں اگر سات دن کے اندر اس نے صفائی پیش نہ کی تو اس کی بنیادی رکنیت ختم کردی جائے گی۔