باجوڑ(نمائندہ خصوصی) حکومتی احکامات کی عملداری، کورونا ایس او پیز کی پابندی اور امتحانی مراکز میں سہولیات کی دستیابی و نقل اور دیگر غیر قانونی مواد کے استعمال کے خلاف کاروائی کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر خار حمزہ ظہور نے گورنمنٹ ہائی سکول بانڈہ گئی تحصیل اتمان خیل کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام سکول اور خاص طور پر امتحانی ہال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اے سی خار حمزہ ظہور نے معائنہ کی روشنی میں مندرجہ ذیل نقائص واضح طور پر نوٹ کئے جس میں بر وقت متعلقہ اہلکاروں کو ہدایات اور عملی اقدامات اٹھائے گئے۔امتحانی ہال میں کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری تھی جس پر سپرنٹنڈنٹ و پرنسپل کو اس بابت واضح طور پرہدایات جاری کئے گئے اور پوری طور پر وہاں سماجی فاصلہ کا نفاذ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اے سی خار نے طلبہ میں ماسک تقسیم کئے۔ اسی طرح سکول کے طلبہ اور اساتذہ و جملہ سٹاف میں بھی ماسکس تقسیم کئے گئے اور انہیں سماجی فاصلہ کے بابت ہدایات جاری کئے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر خار حمزہ ظہور نے ہال میں موجود طلبہ کو نقل جیسے غیر قانونی فعل سے اجتناب کے بارے میں ہدایات دی اور بعد میں نقل جیسے لعنت کے خلاف عملی کاروائی بھی کی گئی۔امتحانی ہال میں ایک لڑکے کو impersonation یعنی کہ دوسرے طالب العلم کے جگہ غیر قانونی طور پر پرچہ حل کرنے کی جرم میں رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا جس کو باقاعدہ کاروائی کیلئے سپرنٹنڈنٹ کو حوالہ کیا گیا تاکہ قانونی تقاضے پورے ہو سکے اور یہ کہ آئندہ کیلئے کوئی بھی دوسرا فرد ایسا کرنے سے باز رہیں۔انہوں نے سکول کے سٹاف اور طلبہ کے رجسٹر حاضری چیک کئے اور حالات کو تسلی بخش قرار دیا۔انہوں نے سکول کے انتظامیہ اور تدریسی عملہ کو کما حقہ ڈیوٹی دینے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے بارے میں ہدایات جاری کئے۔کاروائی کے دوران اس امر کو ضروری سمجھتے ہوئے ہدایات جاری کئے گئے کہ ضلعی ایجوکیشن آفیسر موقع پر جاکر نقل میں پکڑے گئے فرد کے خلاف کاروائی کو عملی جامہ پہنا کر باقاعدہ رپوٹ پیش کریں۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کی تعریف کی اور اسے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔