باجوڑ کے علاقہ ناوگئی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد۔ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی زاہد کمال کی سربراہی میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ناواگئی کالونی میں کھلی کچہری کا انعقادکیاگیا۔جس میں اے ایس آئی احمد شاہ، نائب تحصیلدار ناواگئی نعیم خان، محرر ارشاد علی، ایم ایس ہسپتال ناواگئی ڈاکٹر عزت خان، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکیم خان، ٹی ایم او ناواگئی امدادخان سمیت دیگر محکموں کے سربراہان اور کثیر تعداد میں علاقائی مشران نے شرکت کی۔اس موقع پر علاقائی مشران اور عام لوگوں جن میں مولانا خان زیب، سرحد علی قاضی،ملک داود شاہ،ملک حاجی دربنوں،حاجی سیراج آف ڈوڈا اور دیگر شامل تھے نے اپنے علاقے کے انفرادی و اجتماعی مسائل کی نشاندہی کی۔ اس ضمن میں خاص طور پر امن و امان، بازارسیکورٹی، ٹریفک کے مسائل، تعلیم، اورصحت کے مسائل سرفہرست رہے۔اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی زاہد کمال نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔اسسٹنٹ کمشنر نے اجاگر کئے گئے بیشتر مسائل کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے جبکہ باقی ماندہ بتائے گئے مسائل کی مکمل چھان بین کی غرض سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی۔شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی زاہد کمال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے افسران کا فرض ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں اور ریاست کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں انجام دیں۔کھلی کچہری کے آخر میں علاقے کے امن اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعاکی گئی۔