باجوڑ(باجوڑنیوز) باجوڑ تحصیل برنگ علاقہ اصیل ترغاؤ میں 73 سال بعد سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو قائم کر دیا گیا۔ ابتدائی مرحلہ میں ایک جبکہ 2 مزید چیک پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق ضلع باجوڑ کے دورافتادہ اور پہاڑی سلسلوں میں واقع دشوار گزار اور نہایت پسماندہ تحصیل برنگ کے علاقے اصیل ترغاؤ میں پاکستان کی آزادی کے 73 سال بعد سیکورٹی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں ۔پہلی بار چالیس کروڑ روپے کی خطیر رقم سے دشوار گزار پہاڑوں میں ایک سڑک کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے ۔
حالیہ دنوں میں اصیل ترغاؤ کے عمائدین نے سیکٹر ہیڈ کوارٹر نارتھ، باجوڑ سکاؤٹس اور ضلعی انتظامیہ سےدرخواست کی تھی کہ اس پسماندہ علاقے میں بھی سیکورٹی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں اور اسی کڑی کے سلسلے میں پہلی سکیورٹی چیک پوسٹ کا قیام عمل میں لایا گیاہے، آ نے والے دنوں میں دو مزیدچیک پوسٹیں بھی فعال کر دی جائیں گی/
ان چیک ہوسٹوں کے قیام پر اصیل ترغاؤ کے لوگوں نے سیکٹر ہیڈ کوارٹر نارتھ، باجوڑ سکاؤٹس، ضلعی انتظامیہ اور باجوڑ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اپنے تعاون کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ اصیل ترغاؤ کی عوام اس بات کی توقع کرتے ہیں کہ ان چیک پوسٹوں کے قیام سے امن وامان کی صورتِ حال بہتر ہو گی اور علاقے کے مسائل کا سدباب ھو گا۔
علاقے کے عمائدین نےفرئنٹیر کور نارتھ سے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی تھی،اسی سلسلے کی پہلی کڑی میں ہیڈ کوارٹر فرئنٹیر کور اور باجوڑ سکاؤٹس کے تعاون سے اصیل ترغاؤ میں سپرئ کے مقام پر ایک سولر ٹیوب ویل سسٹم کا کام مکمل ہونے کے قریب ہے، جس کی تکمیل پر اہلِ علاقہ کو پینے کا صاف پانی میسر ہو گا۔