باجوڑ (باجوڑنیوز) عنایت کلے بازار میں منشیات کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد ، منشیات کے عادی افراد کیلئے بحالی مرکز بنانے اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق اہلیان باجوڑ اور سیاسی و سماجی حلقوں کے جانب سے انجنیئر خائستہ محمد کے قیادت میں عنایت کلے مین بازار میں منشیات اور منشیات فروشوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے انجنیئر خائستہ محمد ، امیرخان، عمران ماہر ، یونس خان ، ملک سعید الرحمان ، عامر خان ، آمان اللہ ، راجہ طلحہ اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین اور مظاہرین ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ پولیس سے منشیات فروشوں کیخلاف نرم گوشہ اختیارکرنے اور انہیں ضلع بھر میں کھلی چوٹ دینے پر شدیدتنقیدکانشانہ بنایا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نشہ آور اشیا میں اضافہ تیزی سے جاری ہے جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہی و بربادی کی جانب گامزن ہے جبکہ انتظامیہ کو منشیات فروشی کی روک تھام میں ناکامی کا سامنا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فورا سے بھی پیشتر منشیات فروشی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ نوجوان نسل کو مزید تباہی سے روکا جا سکے۔ اس موقع پر آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نشے کے حوالے سے آگاہی پیغامات اور ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ باجوڑ میں منشیات کے عادی افراد کیلئے فوری طور پر بحالی مرکز بنایا جائے تاکہ جو لوگ اس گندے دھندے میں ملوث ہوچکے ہیں۔ان کو اس لت سے باہر آنے میں مدد ملے۔