باجوڑ (باجوڑنیوز) پولیس ٹریننگ سکول سب کیمپس پولیس لائن ڈگر میں باجوڑ لیویز کی بنیادی پولیس ٹریننگ مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او بونیر سہیل خالد نے کہا۔کہ بنیادی تربیت جوانوں کے پیشہ وارانہ کیرئیر کیلئے نہایت اہمیت کاحامل ہے اورجن اہلکاروں نے ٹریننگ سکول سے ٹریننگ مکمل کر لی ہے اور انہوں نے یہاں سے جو علم، تربیت اور تجربہ حاصل کر لیا، وہ فیلڈ میں جا کر عوام کی بہتر خدمت کریں۔ ڈی پی او بونیر نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوانوں نے فائرنگ سمیت تھانوں میں پریکٹیکل ٹریننگ بھی حاصل کر لی ہے۔ لیویز فورس کے جوانوں کو بہترین تربیت دے کر علاقے کی خدمت اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام علاقائی فورسز کو اس نوعیت کی ٹریننگ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان ہر وقت حالات کا مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر پولیس آفیسر اپنی ڈیوٹی فرض شناسی اور عوام کی خدمت کی بنا پر سرانجام دیں ،اور ہر پولیس اہلکار اپنے قابلیت و میرٹ کے بنیاد پر ایک سچا اور ایماندار آفیسر بن کر عوام کی جان و مال کی خفاظت کریں۔ تقریب کے اخر میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے بنیادی ٹریننگ مکمل کرنے والے لیویز جوانوں میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔