عوامی نیشنل پارٹی کے سنیئر رہنما شیخ جہانزادہ کو اے این پی کے ساتھ دیرینہ وابستگی کے بنیاد پر اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے مرکزی مجلس عاملہ (سنٹرل ورکنگ کمیٹی) کا رکن مقرر کردیا ۔ شیخ جہانزادہ باجوڑ کے چند گنے چنے معتبر اور نامور سیاستدانوں میں سے ایک ہیں ۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 1990سے اے این پی سے کیا اور تاحال اے این پی کے ساتھ وابستہ ہیں ۔ وہ دوبار عوامی نیشنل پارٹی باجوڑ کے صدر منتخب ہوئے ہیں اور دو بار قومی اسمبلی کا الیکشن جبکہ رواں سال پہلی بار قبائلی اضلاع میں کیے جانے والے پہلے صوبائی الیکشن میں بھی انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا ۔ 2002 میں حلقہ این اے 43سے الیکشن لڑ کر چوتھی جبکہ 2008 میں اسی حلقہ سے الیکشن لڑکر دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ دو ماہ قبل منعقدہ صوبائی الیکشن میں انہو ں نے پانچویں پوزیشن پر رہتے ہوئے 6750ووٹ حاصل کیے ۔ شیخ جہانزادہ نے پارٹی کے مرکزی قائد کے جانب سے سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا رکن مقرر کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ سابقہ ادوار کی طرح اس عہدے پر بھی صدق دل سے پارٹی کے بہتر مفاد کیلئے کام کریں گے ۔