باجوڑ میں باچا خان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 5 روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

0

باچاخان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضلع باجوڑ اور ضلع مہمند کے نوجوانوں کیلئے سیاسی تربیت کے 5روزہ ورکشاپ اختتام کو پہنچ گئی۔۔ اختتامی تقریب میں ضلع باجوڑ سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی مجلس عاملہ کے رکن شیخ جہانزادہ، عوامی نیشنل پارٹی ضلع باجوڑ کے صدر گل افضل خان اور ضلعی جنرل سیکرٹری نثار باز خان ، صوبائی جائنٹ سیکٹری شاہ نصیر، ڈاکٹر علم خان، اضعر خان، ڈاکٹر حنیف، ملک عمردراز نازکئ، صوبائی کونسل ممبر ڈاکٹر حبیب ،کلچر سیکٹری عجب خان نے خصوصی شرکت کی۔

نوجوانوں کیلئے منعقدہ پانچ روزہ سیاسی تربیتی ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باچا خان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر خادم حسین نے کہا کہ فاؤنڈیشن باچا خان سکولوں کے انتظام کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں جمہوری اقدار اور تکثیریت کو پروان چڑھانے کیلئے کئی برسوں سے تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کرتی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 7 برسوں میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ان تربیتی ورکشاپوں کے ذریعے جمہوری سیاسی جماعتوں اور تحریکوں کا حصہ بنے جسکی وجہ سے انتہا پسند بیانیہ کے متبادل ایک جمہوری بیانیے کی سرایت ممکن ہو سکی۔ ان تربیتی ورکشاپوں میں مختلف ماہرین سیاسی نظریات، سماجی ارتقائ، انسانی حقوق، عدم تشدد، خدائی خدمتگار تحریک اور قیادت کے ہنر پر نوجوانوں کے ساتھ گفتگو اور مباحثہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باچا خان اور خدائی خدمتگار تحریک اس دھرتی کے لوگوں کے اجتماعی شعور، سیاسی اور جمہوری اختیار اور معاشی خوشحالی کیلئے وجود میں آئی تھی۔ خدائی خدمتگار تحریک کا تسلسل آج بھی مختلف شکلوں میں جاری و ساری ہے۔ کسی معاشرے اور قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نوجوانوں میں معاشرتی اور قومی شعور کا ہونا بنیادی شرط کی حیثیت رکھتا ہے۔

اسناد کی تقریب سے شیخ جہانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ پانچ روزہ ورکشاپ میں عدم تشدد پر جو کچھ سیکھا اسے ہر گاؤں اور ہر گلی کے لوگوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج افغانستان میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط سے اس خطے میں امن کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

گل افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قوم اور دھرتی کی نجات کا واحد راستہ باچا خان کے عدم تشدد کی فکر اپنانے میں ہے۔ انہوں نے ماہانہ سٹڈی سرکل منعقد کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔

ورکشاپ کے شرکاء نے باچا خان ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر خادم حسین کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہمیں اس ورکشاپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ، اس سے ہماری سیاسی اور تربیت میں بڑی مدد ملی گی۔ تقریب کے آخر شرکاء میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔ پانچ روزہ ورکشاپ شیخ جہانزادہ کے اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.