ایف سی فورسز 26بیچ کے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس کی پاس آؤٹ پریڈ

0

سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئیر نعیم اکبر راجہ نے کہا ہے کہ ایف سی فورسز نے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیاہے اور ایف سی کے صدسالہ تاریخ بہادری ، شجاعت اور ملکی خدمت کے کارناموں سے بھری پڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزضلع باجوڑ کے صدرمقام خار میں فرنٹیر کور(ایف سی ) فورسز26بیچ کی تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس کے پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب میں کیاہے ۔ باجوڑ سکاؤٹس میں ایف سی فورسز کے تربیت مکمل کرنے والے 360ریکروٹس کے پاسنگ آوٹ پریڈ کے تقریب میں کمانڈنٹ باجوڑسکاؤٹس کرنل رحمان قادر ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود ، باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ ،سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کے حکام ، ضلع باجوڑ کے ترکھانی اور اتمانخیل قبائل کے عمائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر نعیم اکبر راجہ نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف ان پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے بلکہ ان اساتذہ کی شب وروز محنت کے ثمرآور ہونے کا موقع بھی ہے جن کی انتھک اور بے لوث محنت نے ان عام شہریوں کو ایک پیشہ ور سپاہیوں کے روپ میں ڈھال دیا ہے۔ بریگیڈیئر نعیم اکبر راجہ نے تربیت مکمل کرنیوالے جوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ لوگ اُن خوش نصیب لوگوں میں شامل ہونے جارہے ہیں جو موجودہ دور کے بہترین پیشے سے منسلک ہوکر ملک وقوم کے حغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ آپ نے جو تربیت یہاں سے حاصل کی ہیں اس سے آپ پیشہ ورانہ زندگی کے دوران پیش آنیوالے تمام مشکلات کا مردانگی سے مقابلہ کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے ایک انتہائی نازک موڑ سے گزررہاہے اور وقت کے بدلتے ہوئے دھاروں نے ہمارے خطے میں جغرافیائی اور عسکری لحاظ سے نہایت اہم تبدیلیاں رونماکی ہیں ۔ بریگیڈیئر نے ریکروٹس سے مخاطب ہوکر کہا کہ آج کے بدلتے ہوئے حالات آپ سے ذمہ دارانہ اور پیشہ وارانہ سوچ کے متقاضی ہیں کیونکہ پاکستان مخالف قوتیں پاکستان کی قومی یکجہتی اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کے درپے ہیں ،مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں پر حملے اسلام اور پاکستان مخالف پالیسی کی ایک واضح علامت ہے ۔ دہشت گردی کے ناسور نے اس مملکت خداداد کو پچھلے کئی سالوں سے اپنی لپیٹ میں لیا ہواہے جسکے خاتمے کے لئے پہلے بھی فرنٹیئر کور کے آفیسران اور جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔ جن کا قوم برملا اعتراف کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم اور افواج پُرعزم ہیں اور انشاء اللہ ملکر بہت جلد اس ناسور کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔ مجھے امید ہے کہ بہت جلد اللہ تعالیٰ کی فضل وکرم سے ، افواج پاکستان ،فرنٹئیر کور اور دوسرے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے بے پناہ قربانیوں کے بدولت ملک میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ فرنٹیئر کور کی تاریخ بے شمار قربانیوں اور بہادری کے کارناموں سے بھری پڑی ہیں۔ اس بہادر فورس نے امن واستحکام کیلئے جو قربانیاں دی ہیں ان کا تذکرہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھاجائیگا۔ آپ کا جذبہ اور مورال دیکھ کر میں آپکی اعلیٰ ٹریننگ کے معیار اور عزم کا اندازہ لگاسکتاہوں ۔اس سے پہلے بریگیڈیئر نعیم اکبر راجہ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور پریڈ سے سلامی لی ۔بریگیڈئیر نعیم اکبر راجہ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے جوانوں میں انعامات تقسیم کی ۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.