دبئی ایئرپورٹ مسلسل چوتھی بار دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار

0

دبئی ایئرپورٹ مسلسل چوتھی بار دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار
دبئی ایئرپورٹ کو مسلسل چوتھے برس بھی دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار دے دیا گیا ہے۔

دبئی ایئرپورٹ کی جانب سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2017 میں پروازوں کی آمد و رفت اور مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے دبئی دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ رہا۔

رپورٹ کے مطابق 2016 کے مقابلے میں 2017 میں دبئی کے ہوائی اڈے پر بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 46 لاکھ کا اضافہ ہوا۔

2017 میں دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 8 کروڑ 82 لاکھ 42 ہزار 99 رہی جبکہ ماہانہ اوسطاً ساڑھے 73 لاکھ مسافر دبئی ایئرپورٹ میں آئے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری، جولائی اور اگست کے مہینے میں دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے افراد کی تعداد 80 لاکھ کی ریکارڈ سطح تک پہنچے۔

دبئی ایئرپورٹ میں مسافروں کی تعداد میں 2016 کے مقابلے میں 5.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس تعداد میں اضافہ امریکا کی جانب سے مشرقِ وسطی سے براہِ راست امریکا آنے والی پروازوں پر لیپ ٹاپ لانے کی پابندی کے باوجود ہوا۔

دبئی ایئرپورٹ نے 2014 میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہونے کا اعزاز چھینا تھا جس کے بعد سے دبئی نے اپنا یہ اعزاز برقرار رکھا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.