یہ جہاز بیک وقت مختلف قسم کے بحری آپریشنز سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،فوٹو:پاک بحریہ
پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے اور جدید بحری جنگی جہازپی این ایس یرموک کو شامل کرلیا گیا۔
اسٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس یرموک کی شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔چین کے تعاون سے جدید ترین جہاز ‘بحر مساح’ پاکستان کے بحری بیڑے میں شامل مقامی طور پر تیار کردہ نئے فلیٹ ٹینکر کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے، بحری بیڑے میں جدید کارویٹ کی شمولیت پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی طاقت کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
امیر البحر نے مزیدکہا کہ یہ جہاز پاک بحریہ کی ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولنگ کے اقدامات کے ذریعے خطے میں پائیدار بحری توازن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان نیوی کے مطابق پی این ایس یرموک جدید سینسرز اور ہتھیاروں پر مبنی سیلف پروٹیکشن اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم سے لیس جدید ترین جنگی جہاز ہےجس کی تعمیر ڈامین شپ یارڈز رومانیہ میں کی گئی ہے۔ یہ جہاز بیک وقت مختلف قسم کے بحری آپریشنز سر انجام دینے اور ایک ہیلی کاپٹر اور بغیر پائلٹ فضائی جہاز (یو اے وی) لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سلسلے کا دوسرا کارویٹ پی این ایس تبوک رواں سال کے آخر تک پاکستان بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوجائے گا۔