کشمیری جس دور سے گزر رہے ہیں اس کی منزل آزادی ہے: وزیراعظم

0

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے اللہ کشمیریوں کو ایسے دور سے گزار رہا ہے جس کی منزل آزادی ہے۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی اور کشمیریوں کو اعتماد سے کہتا ہوں کشمیر کا معاملہ ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔دنیا بھر میں کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے آج یوم استحصال منایا گیا.انہوں نے کہا کہ یہ بات ذہن میں ڈال لیں جو صلاحیت پاکستان میں ہے کسی ملک میں نہیں ہے، ہم نے پاکستان کو بہت تیزی سے اوپر جاتے دیکھا ہے، 60 کی دہائی میں دنیا پاکستان کی مثال دیا کرتی تھی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب کوئی قوم اصولوں سے پیچھے ہٹتی ہے تو نیچے چلی جاتی ہے، مدینہ کی ریاست میں قانون بنا اور اس پر عمل ہوا، دنیا کی تاریخ میں ریاست مدینہ سے بڑا انقلاب نہیں آیا، کشمیریوں کو اللہ ایسے دور سے گزار رہا ہے جس کی منزل آزادی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو نریندر مودی بہت بڑی غلطی کر بیٹھا، مودی پاکستان کی نفرت اور ہندو کارڈ پر الیکشن جیتا تھا، مودی نے پلوامہ واقعے کو پاکستان کے خلاف نفرت کے لیے استعمال کیا، مودی پہلے سے کہتا رہا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرے گا۔وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنیاد ہندوتوا نظریہ ہے، بار بار بھارت سے کہا کہ آپ ایک قدم بڑھائیں ہم دو قدم آگے آئیں گے، نریندر مودی کو لگا کہ اس کے غیر قانونی اقدامات پر دنیا خاموش رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مودی کو پتہ تھا کہ بھارت بڑی مارکیٹ ہے، دنیا تعلقات ٹھیک رکھنا چاہے گی، نریندر مودی سمجھتا تھا کہ اس کی مغرب کو ضرورت ہے اس لیے مغرب خاموش رہے گا، مودی کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ 8 لاکھ فوج کشمیر میں بھیج کر وہ سمجھتا ہے کہ کشمیری ڈر جائیں گے۔’کشمیر کے نقشے کے پیچھے ایک فلسفہ ہے، ہندوستان کو نقشے کا ردعمل دیناضروری تھا’عمران خان نے کہا کہ میں نے دنیا کے تمام بڑے لیڈروں سے مسئلہ کشمیر سے متعلق بات کی، دنیا بھر کے لیڈروں کو مسئلہ کشمیر سے متعلق سمجھایا، امریکی اخبار اس سے پہلے کشمیر سے متعلق میرا مضمون ہی نہیں چھاپتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کئی طاقتور قومیں تکبر کی وجہ سے تباہ ہوئیں، آزاد کشمیر کو ہندوستان میں شامل کرنے کا نقشہ بھارتی تکبر تھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نقشے کے پیچھے ایک فلسفہ ہے، ہندوستان کو نقشے کا ردعمل دیناضروری تھا۔اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نریندر مودی نے 5 اگست کے اقدام کےذریعے بڑی غلطی کی،نریندر مودی نازی ازم کی راہ پر چلنے کے باعث دنیا میں بے نقاب ہوگیا،آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے آگئے ہیں۔.عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے آج بھی بلند ہیں، اب کوئی بھارت نواز لیڈر کشمیریوں کا لیڈر نہیں بن سکتا، بھارت کشمیر میں بند گلی میں پھنس گیا ہے، کشمیر میں بھارت کےلیے حالات بگڑ جائیں گے، نریندر مودی پھنس گیا اس کا ایک ہی نتیجہ ہے کشمیر آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعےمسئلہ کشمیرکا حل ہونا چاہیے،پاکستان ہر فورم پرمسئلہ کشمیر اٹھاتا رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے 14 اگست کو سید علی گیلانی کو نشانِ پاکستان دینے کا بھی اعلان کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.